ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرکاری زمینات پر تعمیر مکانات کو باقاعدگی دسمبر تک: کاگوڈ تمپا

سرکاری زمینات پر تعمیر مکانات کو باقاعدگی دسمبر تک: کاگوڈ تمپا

Tue, 05 Jul 2016 11:32:08  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو4؍جولائی(ایس او نیوز) شہری اور دیہی علاقوں میں سرکاری زمینات پر غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ مکانات کو دسمبر تک باقاعدگی دی جائے گی۔یہ اعلان آج ریاستی اسمبلی میں وزیر مالگذاری کاگوڈ تمپا نے کیا۔ کارکلا حلقہ کے رکن اسمبلی سنیل کمار کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہاکہ شہری اور دیہی علاقوں میں وہیں پیدا ہوکر پرورش پانے اور بڑے ہوجانے کے باوجود بھی جن لوگوں کو اپنا مکان میسر نہیں ہے اور ان لوگوں نے سرکاری زمین پر مکان بنوا لیا ہے ان لوگوں کی طرف سے ان مکانات کو باقاعدگی دینے کیلئے حکومت کو ہزاروں کی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ ان درخواستوں کو منظوری دینے کیلئے ان کے محکمہ نے پہل کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریوینیو ضوابط کے تحت تعلقہ دفاتر میں عرضیاں جمع کرائی گی ہیں اوران کی فہرست تیار کرکے گرام پنچایتوں کو بھیجا گیا ہے ، وہاں گرام پنچایت اسسٹنٹوں اور پی ڈی او کی طرف سے سرکاری زمین کے کس سروے نمبر میں کتنا قبضہ ہوا ہے وہ تفصیل محکمہ کو روانہ کریں گے، ان تفصیلات کی بنیاد پر رواں سال دسمبر کے اختتام تک سرکاری زمین پر غیر قانونی مکانات تعمیر کرنے والوں کو اس زمین کی ملکیت کے حقوق دے دئے جائیں گے۔ دیہی علاقوں میں سرکاری زمین پر تعمیر شدہ مکانات کو باقاعدگی دینے کیلئے اراضی حد بندی قانون 1964 میں ترمیم لائی گئی ہے، اس ترمیم کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔ 3 مارچ 2014 سے قبل جن لوگوں نے مکانات کی باقاعدگی کیلئے حکومت کو درخواست دی ہے ان کو ملکیت کے حقوق دینے کیلئے قدم اٹھائے جاچکے ہیں۔ اب مزید 27 اگست 2016تک درخواستیں دینے کیلئے موقع دیا جارہاہے۔ وزیر موصوف نے بتایاکہ ہر سروے نمبر کیلئے محکمہ میں ایک الگ فائل بنائی جائے گی اور اس کا معائنہ کرنے کیلئے عملہ روانہ کیاجائے گا۔ دیہی علاقوں میں سرکاری زمین پر مکانات کی تعمیر کے واقعات کی تعداد چونکہ زیادہ ہے اسی لئے ان کاموں کو جلد از جلد نمٹایا جائے گا۔ بی بی ایم پی کے علاوہ ریاست کی دیگر سٹی کارپوریشنوں ، ٹاؤن پنچایتوں وغیرہ کی حدود میں اس طرح کی تعمیرات ہوئی ہیں تو ان کی باقاعدگی کیلئے اراضی حدود طے کی گئی ہیں۔ بی بی ایم پی سے 18کلومیٹر کے دائرہ میں بلگام ، گلبرگہ ، منگلور اور میسور سٹی کارپوریشن سے دس کلومیٹر کے دائرہ میں تمام سٹی میونسپل کونسلوں سے پانچ کلومیٹر ،ٹاؤن میونسپل کونسل سے تین کلومیٹر کے دائرہ سے باہر کی سرکاری زمینات پر قبضے کو باقاعدگی دی جائے گی۔


Share: